بنگلورو،15؍فروری(ایس او نیوز؍ایجنسی) کسان تحریک کے معاملہ میں مشہور ماحولیاتی کارکن گریٹا تھن برگ کے اکاؤنٹ سے شیئر ٹول کٹ معاملہ میں گرفتارہوئی بنگلورو کی21سال کی ماحولیاتی کارکن دشا روی کو دہلی کی ایک عدالت نے 5دن کیلئے پولیس ریمانڈپر بھیج دیاہے-
حالانکہ دہلی پولیس نے دعویٰ کیاہے کہ ابتدائی پوچھ گچھ میں اہم معلومات حاصل ہوئی ہیں -دہلی پولیس کے دعویٰ کے مطابق دشانے ہی ٹول کٹ کا گوگل ڈاک بناکراسے تمام جگہ سرکیولیٹ کیا-اس کیلئے اس نے وہاٹس ایپ گروپ بھی بنایاتھا-وہ اس ٹول کٹ کی ڈرافٹنگ میں بھی شامل تھی-
واضح رہے کہ کسان آندولن کو لے کر ہندوستان کو بین الاقوامی سطح پر گھیرنے کیلئے بنائی گئی پالیسی کا انکشاف ہونے کے بعد سے ہنگامہ مچا ہوا ہے-21 سال کی ماحولیاتی کارکن دشا روی فرائڈے فار فیوچر کمپین کی فاؤنڈروں میں ایک رکن ہیں - 4 فروری کو دہلی پولیس نے ٹول کٹ کو لے کر اس معاملہ میں کیس درج کیا تھا- ٹول کٹ معاملہ میں یہ پہلی گرفتاری عمل میں آئی ہے- دشا نے ماؤنٹ کیمیرل کالج سے بزنس انڈمنسٹریشن میں گریجویشن کی ڈگری حاصل کی ہے - دشا اس وقت گڈ مائلک کمپنی کے ساتھ وابستہ ہیں -
ذرائع کے مطابق دہلی پولیس کی اسپیشل سیل نے جب انہیں گرفتار کیا تو وہ اس وقت گھر سے ہی کام کررہی تھی-دشا روی کے والد میسور میں ایک ایتھیلیٹکس کوچ ہیں جبکہ ماں ایک ہاؤس وائف ہیں - بتادیں کہ دہلی پولیس کی سائبر کرائم سیل نے 4 فروری کو آئی پی سی کی دفعات124 اے،10 اے اور153 اے کے تحت بدنام کرنے، مجرمانہ سازش رچنے اور نفرت کو فروغ دینے کے الزامات میں ایف آئی آر درج کی تھی-پولیس کے ذریعہ درج کی گئی ایف آئی آر کے بعد گریٹا تھن برگ نے پھر کسانوں کی حمایت میں ٹویٹ کیا تھا- انہوں نے لکھا کہ میں کسانوں کے پرامن مظاہرہ کے ساتھ ہوں، کوئی بھی نفرت، دھمکی اس کو بدل نہیں سکتی- بتادیں کہ گریٹا تھن برگ نے کسانوں کے احتجاج کی حمایت میں ٹویٹ کیا تھا- اس ٹویٹ میں انہوں نے لکھا تھا: ہم ہندوستان میں کسانوں کی حمایت کے تئیں متحد ہیں-